شہداء پاکستان کا فخر ہیں‘ ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، آرمی چیف
انتہا پسندی و دہشتگردی کے خاتمے اور امن و استحکام یقینی بنانے کا عزم کررکھا ہے، فتنة الخوارج کے سہولتکاروں، مالی امداد دینے والوں اور کارروائیوں کرنے والوں کا تعاقب کریں گے؛ وانا میں جوانوں اور افسران سے گفتگو
راولپنڈی ( 22 دسمبر 2024ء ) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ شہداء پاکستان کا فخر ہیں، ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، ہر قسم کی انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے اور ملک میں امن واستحکام یقینی بنانے کا عزم کررکھا ہے، فتنة الخوارج کے سہولت کاروں، مالی امداد دینے والوں اور کارروائیوں کر نے والوں کا تعاقب کریں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے وانا جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا خیر مقدم کیا، آرمی چیف کو دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور سلامتی کی صورتحال کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی، افسران اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف ان کے عزم اور کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے، قوم کی بھرپور حمایت کے ساتھ پاک فوج دیگر قانون نافذ کر نے والے اداورں کے ساتھ مل کر ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی اور انتہا پسند ی کے خاتمے کا عزم کیے ہوئے ہے اور ہم ملک میں پائیدار امن اور استحکام یقینی بنائیں گے۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کاعزم و حوصلہ قوم کی یکجہتی کا سنگ بنیاد ہیں، پاک فوج اور قانون نافذ کر نے والے اداروں کے جوان جنہوں نے بھرپور بہادری اور بے لوث جذبے کا اظہار کیا ہے وہ قوم کے ہیرو ہیں، فتنہ الخوارج، ان کے سہولت کاروں، مالی امداد دینے والوں اور کارروائیوں کر نے والوں کا تعاقب کریں گے اور انہیں ریاست کے خلاف اپنے مذموم عزائم کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں