نو مئی جیسے بھیانک دن کے منصوبہ سازوں پر ہاتھ ڈالنے تک اس کا اختتام نہیں ہوتا، وزیردفاع
یہ سزائیں پلان پر عمل کرنے والوں کی دی گئیں ہیں، امریکہ و برطانیہ کی طرح فوری انصاف ہونا چاہیئے تھا، اس تاخیر نے ملزموں اور ان کے سہولتکاروں کے حوصلے بڑھائے؛ فوجی عدالتوں سے سزاؤں پر خواجہ آصف کا ردعمل
اسلام آباد ( 21 دسمبر 2024ء ) وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نو مئی جیسے بھیانک دن کے منصوبہ سازوں پر ہاتھ ڈالنے تک اس کا اختتام نہیں ہوتا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج سانحہ 9 مئی کے 25 ملزموں کو سزائیں سنائی گئی ہیں، ہونا تو چاہیئے تھا کہ امریکہ اور برطانیہ کی طرح فوری انصاف ہوتا کیوں کہ اس تاخیر نے ملزموں اور ان کے سہولت کاروں کے حوصلے بڑھائے، ایک تاریک دن کی مذمت سے بھی گریز کیا گیا جس سے شہداء اور غازیوں کی توہین کرنے والوں کو ہیرو بنا یا گیا۔مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء نے کہا کہ نو مئی بہت بڑا حادثہ تھا، یہ سزائیں پلان پر عمل کرنے والوں کی دی گئیں ہیں، یہ سزائیں بہت پہلے سنا دینی چاہیئں تھیں، ابھی تو جو کارکن استعمال ہوئے قانون کے ہاتھ ان کے گریبان تک پہنچے ہیں، جو اس بھیانک دن کے منصوبہ ساز تھے قانون جب تک ان پہ ہاتھ نہیں ڈالتا تب تک اس سلسلے کا اختتام نہیں ہوتا، ایسے عناصر کے حوصلے وطن دشمن بڑھاتے رہیں گے۔
(جاری ہے)
اسی حوالے سے آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی سزاؤں کا اعلان بھی اُن کے قانونی عمل مکمل کرتے ہی کیا جا رہا ہے، 9 مئی کی سزاؤں کا فیصلہ قوم کے لیے انصاف کی فراہمی میں ایک اہم سنگ میل ہے، 9 مئی کی سزائیں اُن تمام لوگوں کے لیے ایک واضح پیغام ہیں جو چند مفاد پرستوں کے ہاتھوں استحصال کا شکار ہوتے ہیں، سیاسی پروپیگنڈے اور زہریلے جھوٹ کا شکار بننے والے لوگوں کیلئے یہ سزائیں تنبیہ ہیں کہ مستقبل میں کبھی قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، متعدد ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی مختلف عدالتوں میں بھی مقدمات زیر سماعت ہیں، صحیح معنوں میں مکمل انصاف اُس وقت ہوگا جب نو مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا مل جائے گی۔مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ ریاست ِ پاکستان نو مئی کے واقعات میں مکمل انصاف مہیا کر کے ریاست کی عملداری کو یقینی بنائے گی، 9 مئی کے مقدمہ میں انصاف فراہم کرکے تشدد کی بنیاد پر کی جانے والی گمراہ اور تباہ کُن سیاست کو دفن کیا جائے گا، 9 مئی پر کیے جانا والا انصاف نفرت، تقسیم اور بے بنیاد پروپیگنڈا کی نفی کرتا ہے، آئین اور قانون کے مطابق تمام سزا یافتہ مجرموں کے پاس اپیل اور دیگر قانونی چارہ جوئی کا حق ہے۔

دہشتگردی تھی جلدی فیصلے ہو نے چاہیے
جواب دیںحذف کریں